Got a TV Licence?

You need one to watch live TV on any channel or device, and BBC programmes on iPlayer. It’s the law.

Find out more
I don’t have a TV Licence.

لائیو رپورٹنگ

time_stated_uk

  1. بلوچستان جوڈیشل اکیڈمی: رہائش کی کوئی سہولت نہیں، سپیشل برانچ کی رپورٹ بے بنیاد ہے

    اتوار کی شام کو سپریم کورٹ آف پاکستان نے ایک وضاحت کی تھی کہ اعظم سواتی نے کوئٹہ میں سپریم کورٹ کے ججز ریسٹ ہاؤس میں قیام نہیں کیا تھا بلکہ ’سپیشل برانچ‘ کے مطابق یہ قیام بلوچستان جوڈیشل اکیڈمی میں کیا گیا تھا۔

    اب بلوچستان جوڈیشل اکیڈمی نے جواباً سپیشل برانچ کی رپورٹ کو ’گمراہ کن اور بے بنیاد‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان جوڈیشل اکیڈمی ستمبر 2019 سے کوئٹہ میں انسکمب روڈ پر ایک پرانی عمارت میں کام کررہی ہے اور یہ اکیڈمی صرف تعلیمی مقاصد کے لیے ہے۔

    بلوچستان جوڈیشل اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل راشد محمود کے دستخط سے جاری اس بیان میں کہا گیا ہے کہ جوڈیشل اکیڈمی میں کوئی رہائشی سہولت نہیں۔ اور اس سے قبل جب یہ اکیڈمی بلوچستان یونیورسٹی لا کالج کی عمارت میں تھی، تب بھی اس میں کوئی رہائشی سہولت نہیں تھی، چنانچہ بلوچستان جوڈیشل اکیڈمی سے متعلق سپیشل برانچ کی رپورٹ بے بنیاد اور گمراہ کن ہے۔

    بلوچستان جوڈیشل اکیڈمی
  2. رانا ثنااللہ: اعظم سواتی کی صرف ایک ویڈیو ہے اور وہ جعلی ہے

    اعظم سواتی کی مبینہ نجی ویڈیو کے بارے میں رانا ثنااللہ نے کہا کہ یہ ویڈیو دیکھ کر فوراً پتہ لگ جاتا ہے کہ یہ ’جعلی‘ ہے۔

    اُنھوں نے کہا کہ اعظم سواتی کو یہ کہنا چاہیے تھا کہ یہ ویڈیو جعلی ہے اور جس نے یہ بنائی ہے اس کے خلاف تحقیقات کی جائے۔ رانا ثنااللہ نے کہا کہ اس کا مقصد صرف ایک ایجنسی پر الزام لگانا تھا۔

    جب ان سے میزبان شہزاد اقبال نے سوال کیا کہ اعظم سواتی کے مطابق یہ مبینہ جعلی ویڈیو وہ ذاتی ویڈیو نہیں جس کا انھوں نے پریس کانفرنس میں تذکرہ کیا تو اُنھوں نے کہا کہ اس ایک ویڈیو کے علاوہ اور کوئی ویڈیو نہیں ہے۔

  3. رانا ثنااللہ: پولیس چاہے تو ’سازشی‘ ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کر سکتی ہے

    رانا ثنااللہ

    وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثنااللہ نے اپنے، وزیرِ اعظم اور میجر جنرل فیصل کے متعلق استعفوں کے معاملے پر کہا ہے کہ اگر عمران خان کے کہنے پر آئی ایس آئی کے افسر پر ایف آئی آر درج ہوئی تو انڈیا سمیت دنیا بھر میں اس پر انگلیاں اٹھیں گی، جس پوزیشن میں اس ایجنسی کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران خان کا یہ کہنا کہ وہ ایک فرد کے خلاف الزام لگا رہے ہیں درست نہیں کیونکہ فرد کو ادارے سے جدا نہیں تصور کیا جا سکتا۔

    اُنھوں نے کہا کہ اگر آپ ریاست کے خلاف ایف آئی آر درج کروانا چاہتے ہیں تو آپ کو اس میں رکاوٹ ہو گی۔

    رانا ثنااللہ نے کہا کہ ضابطہ فوجداری کے تحت پولیس کو اختیار ہے کہ اگر کوئی ’سازشی‘ کسی گھناؤنے مقصد کے لیے ایف آئی آر کٹوانا چاہے تو پولیس اس سے انکار کر سکتی ہے۔

  4. بریکنگاعظم سواتی نے جوڈیشل لاجز میں قیام نہیں کیا، سپریم کورٹ

    اعظم سواتی

    سپریم کورٹ نے اعظم سواتی کے جوڈیشل لاجز کوئٹہ میں قیام کے دعوے کو مسترد کر دیا ہے۔

    ایک اعلامیے میں سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ جوڈیشل لاجز میں صرف ججز کو قیام کرنے کی اجازت ہے، جس کے انتظامی امور رجسٹرار سپریم کورٹ کے پاس ہیں۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اعظم سواتی نے سپریم کورٹ جوڈیشل لاجز کوئٹہ میں قیام نہیں کیا بلکہ بلوچستان جوڈیشل اکیڈمی میں قیام کیا جو سپریم کورٹ کے کنٹرول میں نہیں۔

    واضح رہے کہ گذشتہ روز اعظم سواتی نے اور آج پی ٹی آئی سربراہ عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ اعظم سواتی کی مبینہ ذاتی ویڈیو اس وقت کی ہے جب کوئٹہ دورے میں اُنھوں نے سپریم کورٹ میں ججز ریسٹ ہاؤس میں قیام کیا تھا۔

  5. جسٹس عبدالشکور پراچہ نے ارشد شریف قتل کی تحقیقات کا حصہ بننے سے معذرت کر لی

    ارشد شریف

    جسٹس ریٹائرڈ عبدالشکور پراچہ نے صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے لیے بنائے گئے کمیشن کی سربراہی سے معذرت کر لی ہے۔

    اپنے ایک بیان میں اُنھوں نے کہا کہ ارشد شریف کی والدہ نے کمیشن پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے چیف جسٹس کو خط میں انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔

    اُنھوں نے کہا کہ کمیشن کا ایک رکن پہلے ہی نیروبی کا دورہ کر چکا ہے اور قانونی طور پر مناسب نہیں کہ رکن کو کمیشن کا حصہ بنایا جائے۔

    جسٹس پراچہ نے کہا کہ کمیشن میں میڈیا کا کوئی نمائندہ شامل نہیں، اور انصاف نہ صرف ہونا چاہیے بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آنا چاہیے۔

    اُنھوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نے آج چیف جسٹس کو کمیشن تشکیل دینے کا اختیار دیا ہے۔

  6. لانگ مارچ کے پیشِ نظر سندھ پولیس، ایف سی دوبارہ اسلام آباد طلب

    اسلام آباد پولیس نے اعلان کیا ہے کہ سندھ پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کی نفری کو دوبارہ اسلام آباد طلب کیا جا رہا ہے۔

    گذشتہ روز ان اہلکاروں کو واپس بھیجنے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم اب سے کچھ دیر قبل عمران خان کے لانگ مارچ دوبارہ شروع کرنے کے اعلان کے بعد صورتحال میں تبدیلی آئی ہے۔

    View more on twitter
  7. عمران خان ہسپتال سے ڈسچارج ہو کر گھر روانہ ہو گئے

    عمران خان
  8. بریکنگعمران خان: منگل سے وزیرِ آباد سے دوبارہ مارچ شروع ہو گا

    عمران خان

    اُنھوں نے کہا کہ مارچ 10 سے 14 دن میں یہاں سے راولپنڈی پہنچے گا اور وہ خود لوگوں سے پنڈی میں ملیں گے۔

    عمران خان نے کہا کہ پنڈی سے مارچ کی وہ قیادت کریں گے اور وہاں سے وہ مارچ آگے لے کر جائیں گے۔

    View more on twitter
  9. ’سائفر ڈرامہ تھا تو اس کی تحقیقات کیوں نہیں کروا رہے‘

    عمران خان

    عمران خان نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ جوڈیشل کمیشن ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کرے۔

    اس کے علاوہ اُنھوں نے سائفر کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ ڈرامہ تھا، اگر ڈرامہ تھا تو اس کی تحقیقات کیوں نہیں کروا رہے۔

    ’ آپ بار بار کہہ رہے ہیں کہ ایسے سائفر آتے رہتے ہیں، میں نے تو ایسے نہیں سنا کہ کسی سائفر میں سفیر کو کہا گیا ہو کہ وزیرِ اعظم کو ہٹا دیا جائے۔‘

    سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ جب قومی سلامتی کمیٹی کہہ رہی ہے کہ مداخلت ہوئی ہے تو آئی ایس پی آر کیسے اسے ڈرامہ کہہ رہا ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ اعظم سواتی نے جنرل فیصل نصیر کا نام لیا اور اُنھیں پوتے پوتیوں کے سامنے مارا اور اسے کہا گیا کہ عمران خان کے ساتھ ہم یہ کریں گے۔

    عمران خان نے کہا کہ ساری پاکستانی قوم اس بات سے ہل گئی ہے کہ جو انھوں نے اعظم سواتی کی اہلیہ کو ویڈیو بھیجی گئی ہے۔

    چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کو اس بات کی تحقیقات کرنی چاہییں۔

    اُنھوں نے کہا کہ پورے نظامِ انصاف کی ساکھ اب داؤ پر لگ چکی ہے۔

    پی ٹی آئی سربراہ نے کہا کہ اعظم سواتی کے پاس اصل ویڈیو موجود ہے اور وہ جعلی نہیں ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ کوئٹہ میں سپریم کورٹ کے جوڈیشل لاجز میں یہ ویڈیو بنائی گئی ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ اعظم سواتی نے اُنھیں بتایا ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے باہر دھرنا دیں گے اور انصاف کا مطالبہ کریں گے۔ عمران خان نے کہا کہ ہمارے سینیٹرز ان کا ساتھ دیں گے اور وکلا تنظیموں کو بھی احتجاج میں شریک ہونے کے لیے دعوت دی گئی ہے۔

    اُنھوں نے کہا کہ ملک اس نہج پر پہنچ گیا ہے کہ کوئی بھی لائن سے ہٹے تو بلیک میلنگ اور کنٹرول کے لیے میاں بیوی کی ویڈیو بنا کر بھیج دی گئی۔ عمران خان نے کہا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ ایسا ہو گا۔

  10. عمران خان: استعفوں کے بغیر غیر جانبدارانہ تحقیقات کیسے ہو سکتی ہیں؟

    عمران خان

    عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف نے جوڈیشل کمیشن کی بات کی ہے، وہ اس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

    تاہم اُنھوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کیا کرے گا، جن تین لوگوں کے نام لیے ہیں ان کے نیچے سارے تحقیقاتی ادارے ہیں، تو کیسے غیر جانبدارانہ تحقیقات ہو سکتی ہیں۔

    ’اس لیے میں نے کہا کہ یہ لوگ استعفیٰ دیں تاکہ غیر جانبدارانہ تحقیقات ہو سکے، ہو سکتا ہے کہ میں غلط ہوں۔‘

    عمران خان نے کہا کہ یہ نہیں کہ اُنھوں نے بلا ثبوت کہہ دیا کہ یہ لوگ شامل ہیں، بلکہ اس کے پیچھے ایک پیٹرن ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ حکومت اور پولیس ان کی لیکن مبینہ حملہ آور کا انٹرویو کروا کر لیک کر دیا گیا۔

    ’ہم پولیس سے پوچھتے ہیں وہ کہتے ہیں ہم کیا کریں پیچھے سے پریشر تھا۔ آئی جی سے پوچھا جی آپ بتائیں کیسے یہ لیک ہوئی وہ کہتا ہے ہیک ہو گئی۔‘ عمران خان نے سوال کیا کہ اس میں کن لوگوں کا مفاد تھا۔

  11. عمران خان: فوج کے ایک فرد پر الزام لگایا تو کہا گیا فوج بدنام ہو رہی ہے

    عمران خان

    عمران خان نے کہا کہ اُنھوں نے فوج کے ایک فرد پر الزام لگایا تو کہا گیا کہ ساری فوج بدنام ہو رہی ہے۔

    ’مجھے حیرت ہے کہ ڈی جی صاحب نے سوچا ہے کہ آپ کہہ کیا رہے ہیں؟‘

    اُنھوں نے کہا کہ یہ ایسی بات ہے کہ کسی جج کو یا کسی پی ٹی آئی کارکن کو کرپٹ کہا جائے تو مطلب کہ پوری عدلیہ یا پوری پی ٹی آئی کرپٹ ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ اُنھوں نے جب یہ کہا کہ یہ لوگ سازش میں شریک ہیں تو یہ ان کا حق ہے۔

    اُنھوں نے کہا کہ وہ پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں، ان کی بات نہیں سنی جا رہی تو ’عام لوگوں کے ساتھ یہ کیا کرتے ہوں گے۔‘

  12. بریکنگچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نیوز کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں

    عمران خان

    عمران خان نے کہا کہ ان پر حملے کو تین روز گزر چکے ہیں مگر وہ پنجاب میں اپنی حکومت ہونے کے باوجود ایف آئی آر درج نہیں کروا پا رہے۔

    اُنھوں نے کہا کہ کہا جا رہا ہے کہ وزیرِ اعظم اور وزیرِ داخلہ کے خلاف ایف آئی آر کاٹنے کے لیے ہم تیار ہیں مگر میجر جنرل فیصل کے خلاف ایف آئی آر نہیں ہو سکتی۔

    عمران خان نے کہا کہ تفتیش جب ہو گی تو پتا لگ جائے کہ وہ لوگ ملوث ہیں یا نہیں لیکن یہ ان کا حق ہے، وہ اس پر تحقیقات چاہتے ہیں اور ان پر ایف آئی آر کٹوانا چاہتے ہیں۔

    اُنھوں نے کہا کہ ان کی اپنی حکومت کے ماتحت پولیس کہہ رہی ہے کہ اگر آپ نے ان کے خلاف ایف آئی آر کٹوانی ہے تو ہمیں ہٹا کر کسی اور کو اس عہدے پر لگا دیں۔

  13. عمران خان کی آج شام پریس کانفرنس متوقع، ہسپتال سے گھر منتقل ہونے کی اجازت ملنے کا بھی امکان

    Imran Khan

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان آج شام پریس کانفرنس کریں گے جبکہ احتجاجی کال کو رائیونڈ اجتماع کے پیش نظر معطل کیا گیا ہے۔

    فواد چوہدری نے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آج پریس کانفرنس کریں گے، امید ہے آج شام تک انھیں ہسپتال سے گھر منتقل ہونے کی اجازت مل جائے گی تاہم ابھی تک ڈاکٹرز نے انھیں ہسپتال سے ڈسچارج نہیں کیا۔ رائیونڈ کے دعائیہ اجتماع کے پیش نظر آج احتجاج کی کال معطل کر دی گئی ہے۔‘

    View more on twitter
  14. عمران خان کو سنگین دھمکیوں کا معاملہ: مسلم لیگی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج، وزیر اعلیٰ پنجاب کا بھی نوٹس

    Imran Khan

    پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو حافظ آباد میں مسلم لیگی کارکنوں کے جانب سے سنگین دھمکیاں دینے پر پولیس نے ان مسلم لیگ کہ رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    حافظ آباد سٹی پولیس کی جانب سے درج مقدمے کی ایف آئی آر میں مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ ، سائرہ افضل تارڑ ،محمد بخش تارڑ اور رائے قمر زمان کھرل کو نامزد کیا گیا ہے۔

    ایف آئی ار کے مطابق مسلم لیگ کے رہنما رائے قمر زمان نے اپنی پارٹی قیادت کہ کہنے پر بھرے مجمعے میں عمران خان کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں

    وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے بھی مسلم لیگ ن کے کارکن رائے قمر کی جانب سے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کو سنگین دھمکیوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سخت قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ’قتل کی دھمکیاں دینے والے کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ عمران خان کو دھمکیاں دینے والے کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔‘

  15. عمران خان، ساتھیوں اور کارکنوں کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ

    وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت لاہور میں ایک اجلاس ہوا جس میں وفاقی حکومت نے سرکاری املاک اور عمارات پر جلاؤ، گھیراؤ، پرتشدد سرگرمیوں اور ’اداروں کے خلاف بے بنیاد الزامات‘ پر عمران خان، ان کے ساتھیوں اور کارکنوں کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس کارروائی کے لیے آئینی و قانونی ماہرین پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

    وزیرِ اعظم ہاؤس سے جاری ایک اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ گورنر ہاؤس پنجاب سمیت دیگر شہروں میں جلاؤ، گھیراؤ اور پرتشدد سرگرمیوں پر الگ سے کارروائی ہو گی جبکہ نجی املاک پر پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کے حملوں پر بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  16. بریکنگوفاقی حکومت نے عمران خان کی تقاریر سے پیمرا کی پابندی ہٹوا دی

    اب سے کچھ دیر قبل ہم نے آپ کو خبر دی تھی کہ پیمرا نے عمران خان کی تقاریر و پریس کانفرنس ٹی وی پر نشر کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

    تاہم اب وفاقی حکومت نے پیمرا کو یہ نوٹس واپس لینے کی ہدایت کی ہے۔

    وزارت اطلاعات کے مطابق وزیراعظم نے وفاقی حکومت کو قانون کے تحت حاصل اختیارات استعمال کرتے ہوئے پیمرا کو ہدایت بھجوائی۔

    وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ان کی حکومت جمہوری اصولوں، اظہار رائے کی دستوری آزادیوں پر یقین رکھتی ہے۔

  17. اعظم سواتی کے الزامات پر سینیٹ چیئرمین کا پارلیمانی رہنماؤں پر مشتمل کمیٹی بنانے کا اعلان

    چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سینیٹر اعظم سواتی کے بیان پر پارلیمانی لیڈرز پر مشتمل کمیٹی بنانے کا اعلان کیا ہے۔

    اُنھوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سینیٹراعظم سواتی کی ویڈیو سے متعلق انکشاف قابل مذمت اور افسوسناک ہے جس سے اُنھیں دلی رنج اور تکلیف پہنچی ہے۔

    صادق سنجرانی نے کہا کہ اُنھوں نے سینیٹر اعظم سواتی کو کوئٹہ میں بطور مہمان بہترین اور محفوظ ترین رہائش فراہم کی۔

    واضح رہے کہ اعظم سواتی نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ کوئٹہ میں سپریم کورٹ کے لاجز میں ان کے رہنے کا انتظام چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کروایا تھا اور ان کے مطابق مذکورہ ویڈیو وہیں کی ہے۔

    صادق سنجرانی نے کہا کہ سینیٹر اعظم سواتی کی ازدواجی زندگی سے متعلق وڈیو پر سینیٹ کی کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے اور پارلیمانی رہنماؤں پر مشتمل کمیٹی میں تمام جماعتوں کے رہنما شامل ہوں گے۔

    اُنھوں نے کہا کہ کمیٹی اپنی رپورٹ مرتب کر کے ایوان میں پیش کرے گی۔

    صادق سنجرانی
  18. پیمرا نے عمران خان کی تقاریر و پریس کانفرنسز نشر کرنے پر پابندی عائد کر دی

    پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے کہا ہے کہ کئی سیٹلائٹ ٹی وی چینلز مؤثر ادارتی کنٹرول یقینی بنانے، ڈیلے مکینزم کے مؤثر استعمال اور قانون و عدالتی احکامات کی پاسداری میں ناکام رہے ہیں اس لیے تمام ٹی وی چینلز پر عمران خان کی تقاریر اور پریس کانفرنسز کی نشریات پر پابندی عائد کی جا رہی ہے۔

    پیمرا نے کہا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والے ٹی وی چینلز کا لائسنس شو کاز نوٹس کے بغیر ہی معطل کر دیا جائے گا۔

    پیمرا نے اپنے نوٹیفیکشن میں عمران خان کے ان بیانات کا بھی حوالہ دیا ہے جنھیں اس نے قابلِ اعتراض اور خلافِ قانون پایا ہے۔

    پیمرا
  19. سندھ پولیس کی اسلام آباد سے واپسی کے احکامات جاری

    آئی جی اسلام آباد نے سندھ پولیس کی اسلام آباد سے واپسی کے احکامات جاری کر دیے ہیں جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر رکھے گئے کنٹینرز بھی ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ عمران خان کے لانگ مارچ کے پیشِ نظر اسلام آباد پولیس کی معاونت کے لیے سندھ سے پولیس طلب کی گئی تھی جبکہ مظاہرین کو روکنے کے لیے کنٹینرز بھی رکھے گئے تھے۔

  20. فیض آباد پر احتجاج، ٹریفک کو اسلام آباد ایکسپریس وے کی جانب موڑا جا رہا ہے

    اسلام آباد پولیس نے بتایا ہے کہ فیض آباد پر احتجاج کے باعث مری روڈ سے اسلام آباد اور راولپنڈی آنے جانے والی ٹریفک کو اسلام آباد ایکسپریس وے کی جانب موڑا جا رہا ہے۔

    پولیس کے مطابق ریڈ زون کا داخلی اور خارجی راستہ ایکسپریس چوک اور نادرا چوک سے بند ہے جبکہ مارگلہ روڈ، ایوب چوک اور سرینا چوک استعمال کیے جا سکتے ہیں۔

    View more on twitter